بنگلورو20؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر داخلہ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کاویری تنازعہ کے سلسلے میں نگرانی کمیٹی کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ اور ریاستی عوام سے اس فیصلے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے کی گذارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے کمیٹی کے اس فیصلے کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کیاجائے گا۔اس فیصلے کے بعد آج وزیر اعلیٰ سدرامیا سے ڈاکٹر پرمیشور نے ملاقات کی اور کمیٹی کے فیصلے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور نظم وضبط میں ممکنہ بگاڑ کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ اس ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ فوری طور پر ریاستی کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے گا اور اجلاس میں یہ طے ہوگا کہ حکومت کو کیا موقف اپناناچاہئے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ کرناٹک میں پہلے ہی پانی کی شدید قلت ہے، اسی لئے یہ توقع کی جارہی تھی کہ کمیٹی کم ازکم کرناٹک کے ساتھ انصاف کرے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ کمیٹی کی طرف سے کرناٹک کے تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا گیاہے۔ ریاستی حکومت اس کمیٹی کے فیصلے کا کل سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور یہ بتائے گی کہ فی الوقت کرناٹک میں پانی کی جو مقدار ہے۔ اس مقدار سے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنا بھی ناممکن نظر آرہاہے۔